paf college sargodha 165

پی اے ایف کالج سرگودھا میں فاؤنڈرز ڈے کا انعقاد

ائیر وائس مارشل(ریٹائرڈ) عمران خالد، پرنسپل پی اے ایف کالج سرگودھا نے اسکول کی سالانہ رپورٹ پیش کی نائب سربراہ پاک فضائیہ، ایئرمارشل سید نعمان علی اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے

سرگودھا (نمائندہ مناقب) پاکستان ائیر فورس کالج سرگودھا میں فاؤنڈرز ڈے کی تقر یب کا انعقاد ہوا۔ نائب سربراہ پاک فضائیہ، ایئرمارشل سید نعمان علی اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔

ائیر وائس مارشل(ریٹائرڈ) عمران خالد، پرنسپل پی اے ایف کالج سرگودھا نے اسکول کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ تقریب میں کالج کے طلبہ نے جمناسٹک، مارشل آرٹس اور پی ٹی شو پیش کیا۔ اس موقع پر ایک شاندار ”ایرو ماڈلنگ شو“ کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں طلبہ نے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے مختلف جہازوں کے ماڈلز فضا میں اڑانے کا بھی مظاہرہ کیا۔

حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے مہمانِ خصوصی نے کہا ”فاؤنڈرز ڈے کے موقع پر تقریب میں شمولیت میرے لیے انتہائی باعث مسرت ہے۔ یہ امر انتہائی خوش کن ہے کہ کورونا وبا کے مختلف ویرئینٹس کے باوجود پی اے ایف کالج کے معمولات اور تربیت کا سلسلہ بخوبی اپنے اختتام کو پہنچا۔“  طلباء کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا، ”آپ نے اپنی صلاحیتوں کا شاندارہ مظاہرہ پیش کیا۔ یہ اس بات کا مظہر ہے کہ مضبوط تعلیمی پس منظر کے حصول کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں سرگرم شرکت بھی آپ کے معمولات کا حصہ ہے۔“ مہمانِ خصوصی نے طلبہ کی کامیابی پر ان کے والدین کو مبارکباد دی اور ساتھ ہی اساتذہ کی بہترین کاوشوں کو سراہا۔

نائب سربراہ پاک فضائیہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ہاؤسز اور طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ تعلیمی میدان میں مجموعی طور پر بہترین کارکردگی پرمحمد بخاری (منیر ہاؤس)، مطیع الرحمان (رفیقی ہاؤس)، ایس ایم علی شاہ (یونس ہاؤس)، محمد انیق (رفیقی ہاؤس)، محمد فرحان (منیر ہاؤس)، محمد فہد اکرم (عالم ہاؤس)، شہیر احمد (منیر ہاؤس)، صمید راؤ (عالم ہاؤس)، محمد عبیداللہ (منیر ہاؤس)، آصف خان (علاؤالدین ہاؤس)، سمیع اللہ (عالم ہاؤس)، عفان عامر (رفیقی ہاؤس)، یاسر نور (اقبال ہاؤس) اور احمد علی (منیر ہاؤس) کو اکیڈمک کلر سے نوازا گیا۔ کھیلوں کی ٹرافی عالم ہاؤس نے حاصل کی۔ سپورٹس کی چیگ ول شیلڈ بھی عالم ہاؤس نے جیتی۔ غیر نصابی سرگرمیوں میں اول آنے پر جنرل سروس ٹریننگ کپ، منیر ہاؤس نے جیتا جبکہ تعلیمی میدان میں چیف آف دی ائیر سٹاف ٹرافی بھی منیر ہاؤس نے جیتی۔ اس سال کا چیمپئین  ہاؤس بننے پر منیر ہاؤس کو قائداعظم ٹرافی سے نوازا گیا۔

تقریب کے موقع پر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی افسران، بیوروکریٹس، اساتذہ اور طلباء کے والدین نے بھرپور شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں