supreme court pakistan 194

سپریم کورٹ نے حکومتی خواب چکنا چور کر دئیے

پاکستان کی سپریم کورٹ کے سربراہ جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ہے کہ اگر کوئی رکنِ اسمبلی تحریک عدم اعتماد کے معاملے پر ووٹ ڈالنا چاہتا ہے تو اسے روکا نہیں جا سکتا اور اس کے ووٹ کو شمار نہ کیا جانا بھی توہین ہے۔
آئینِ پاکستان کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے دائر صدارتی ریفرنس اور تحریک عدم اعتماد کے دن تصادم روکنے کے بارے میں سپریم کورٹ بار کونسل کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ‘آئین کا آرٹیکل 63 پارٹی پالیسی کے خلاف ووٹ دینے والے رکن کے خلاف کارروائی کا طریقہ کار بتاتا ہے اور جب کوئی ووٹ دے گا تو ہی اس کے خلاف کارروائی ہو گی۔‘
چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 63 اے میں کسی رکن کی نااہلی کا پورا نظام موجود ہے اور عدالت کے سامنے جو سوال ہے وہ یہ ہے کہ ’ایسے رکن کی نااہلی کی مدت کیا ہو گی؟’
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 63 کے مطابق اراکین ناراض ہوں تب بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے رہیں۔
انھوں نے کہا کہ ایسے معاملات ریفرنس کے بجائے پارلیمان میں حل ہونے چاہییں اور عدالت چاہے گی کہ سیاسی جماعتیں آئین کے دفاع میں کھڑی ہوں جبکہ تمام جماعتیں جمہوری اقدار کی پاسداری کریں۔
سپریم کورٹ کا پانچ رکنی لارجر بینچ اس کیس کی سماعت کر رہا ہے اور بینچ میں چیف جسٹس پاکستان کے علاوہ جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس مظہر عالم میاں خیل اور جسٹس جمال خان مندوخیل شامل ہیں۔
چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ ’جب آئین میں یہ واضح طور یہ لکھا ہے کہ فلور کراسنگ کے نتائج کیا ہوں گے تو آپ ہمارے پاس کیا لینے آئے ہیں۔ کیا آپ چاہتے ہیں کہ نااہلی تاحیات ہو؟
اس پر اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ’خواہش یہی ہے تاکہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو اور اس حوالے سے سپریم کورٹ کی رائے اہمیت کی حامل ہو گی۔‘
بینچ میں شامل جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیے کہ ’کیا آپ فلور کراسنگ پر پابندی لگا کر پارٹی سربراہ کو بادشاہ بنانا چاہتے ہیں تو اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ ’بادشاہ نہیں بنانا چاہتے تو لوٹے بھی نہیں بنانا چاہتے۔‘
اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ کچھ مغربی ممالک میں بھی فلور کراسنگ کی اجازت ہے لیکن فرق صرف اتنا ہے کہ وہاں پر کرسمس سے پہلے تمام اشیا کی قیمتوں میں نمایاں کمی آ جاتی ہے جبکہ پاکستان میں رمضان میں اشیا کی قمیتیں آسمانوں سے باتیں کرتی ہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ عدالت آئین سے باہر نہیں جائے گی اور آئین کے ارٹیکل 63 ون کے تحت کسی بھی منحرف رکن کی نااہلی واضح لکھی گئی ہے لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اٹارنی جنرل کی یہ خواہش ہے کہ یہ نااہلی تاحیات ہو۔
انھوں نے کہا کہ ایسے معاملات کو پارلیمنٹ میں ہی طے ہونا چاہیے۔
اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ جو شخص کسی پارٹی سے ووٹ لے کر قومی اسمبلی کا رکن منتخب ہوا اور پھر اس سے منحرف ہو جائے اور پارٹی کے سربراہ کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنائے تو ایسے منحرف رکن کی نااہلی تاحیات ہونی چاہیے۔
بینچ میں شامل جسٹس منیب اختر نے کہا کہ آئین میں پارٹی کے سربراہ کو نہیں بلکہ پارلیمانی پارٹی کو بااختیار بنایا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی کی مجموعی رائے انفرادی رائے سے بالاتر ہوتی ہے اور سیاسی نظام کے استحکام کے لیے اجتماعی رائے ضروری ہوتی ہے۔
انھوں نے کہا کہ ایک تشریح تو یہ ہے کہ انحراف کرنے والے کا ووٹ شمار نہ ہو۔ اس پر جسٹس جمال مندوخیل نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کیا ڈی سیٹ ہونے تک ووٹ شمار ہو سکتا ہے کیونکہ اٹھارہویں ترمیم میں ووٹ شمار نہ کرنے کا کہیں ذکر نہیں۔
بینچ کے ایک اور رکن جسٹس مظہر عالم نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ منحرف اراکین کی یہ ضمیر کی آواز نہیں کہ اپوزیشن کے ساتھ مل جائیں۔
انھوں نے کہا کہ ان ارکان کو سندھ ہاؤس میں رکھا گیا اور اس سے بڑھ کر اظہار رائے کی آزادی اور کیا ہو سکتی ہے کہ وہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر وزیر اعظم کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔
جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت میں اپنے ہی لوگوں نے عدم اعتماد کیا اور حکومت بدل گئی، جس پر اٹارنی جنرل نے کہا کہ بلوچستان میں دونوں گروپ ’باپ‘ پارٹی کے دعویدار تھے۔
انھوں نے کہا کہ سب سے زیادہ باضمیر تو مستعفی ہونے والا ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ پر اسمبلی آنے والا پارٹی ڈسپلن کا پابند ہے۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کی روح کو نظر انداز نہیں کر سکتے اور عدالت کا کام خالی جگہ پُر کرنا نہیں، ایسے معاملات ریفرنس کے بجائے پارلیمنٹ میں حل ہونے چاہییں۔
بینچ کے سربراہ نے اٹارنی جنرل کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ منحرف اراکین کی نااہلی کتنی ہوتی ہے، نااہلی کا اطلاق کب سے شروع ہوگا؟ اس بارے میں بھی عدالت کو آگاہ کریں۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ اگر ہر رکن ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنا لے تو نظام کیسے چلے گا جس پر جسٹس مظہر عالم نے کہا کہ آرٹیکل 63 (4) کے تحت رکنیت ختم ہونا نااہلی ہے اور ارٹیکل 63 (4) بہت واضح ہے۔
اٹارنی جنرل نے کہا کہ اصل سوال ہی ارٹیکل 63 (4) واضح نہ ہونے کا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو آئین میں نہیں لکھا اسے زبردستی نہیں پڑھا جا سکتا۔
بینچ میں موجود جسٹس جمال مندوخیل نے کہا کہ آرٹیکل 95 کے تحت ہر رکن اسمبلی کو ووٹ ڈالنے کا حق ہے اور اگر وہ ووٹ ڈال سکتا ہے تو شمار بھی ہو سکتا ہے۔
اٹارنی جنرل نے اپنے دلائل میں کہا کہ پارٹی پالیسی سے انحراف درست نہیں ہو سکتا۔
عدالت نے تمام صوبوں کے ایڈووکیٹ جنرل کو بھی نوٹس جاری کردیے ہیں۔ اس کے علاوہ عدالت نے سینیٹ کے سابق چیئرمین رضا ربانی کی عدالتی معاون بننے کی استدعا کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ چونکہ ان کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اس لیے انھیں عدالتی معاون مقرر نہیں کیا جا سکتا۔
چیف جسٹس نے صدارتی ریفرنس کی سماعت 28 مارچ کو ملتوی کرنے کا حکم دیا تو اٹارنی جنرل نے استدعا کہ کہ چونکہ یہ معاملہ بڑی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ ہو سکتا ہے کہ اس دوران وزیر اعظم کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک کو قومی اسمبلی میں پیش کر دیا جائے تو ایسی صورت حال میں سپریم کورٹ کی رائے بڑی اہمیت کی حامل ہوگی۔
اس صدارتی ریفرنس کی سماعت 25 مارچ تک ملتوی کر دی گئی۔
اگلی سماعت پر اٹارنی جنرل اپنے دلائل جاری رکھیں گے۔
اس کے علاوہ پاکستان کی سیاسی جماعت جمعیت علما اسلام (جے یو آئی) نے بھی صدارتی ریفرنس پر جواب سپریم کورٹ میں جمع کروا دیا ہے۔
جے یو آئی کی جانب سے عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں موقف اپنایا گیا ہے کہ سلیکٹیڈ عہدیدار آرٹیکل 63 اے کے تحت ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے کی ہدایت نہیں دے سکتے۔
جے یو آئی کے عدالت میں جمع کروائے گئے جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ سپیکر کو اراکین کے ووٹ مسترد کرنے کا اختیار نہیں دیا جا سکتا، اور لازمی نہیں کہ عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے ہی ریفرنس پر رائے دی جائے اور اگر سپریم کورٹ نے ووٹنگ سے پہلے رائے دی تو الیکشن کمیشن کا فورم غیر موثر ہو جائے گا۔
جے یو آئی کے عدالت عظمیٰ میں جمع کروائے گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ آرٹیکل 63 اے پہلے ہی غیر جمہوری ہے، پارٹی کے خلاف ووٹ پر تاحیات نااہلی کمزور جمہوریت کو مزید کمزور کرے گی۔ عدالت پارلیمنٹ کی بالادستی ختم کرنے سے اجتناب کرے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں