sargodha division punjab government 462

نگران حکومت کا عوام کو بڑا ریلیف

پٹرول اور اشیائے خوردنی کی قیمتوں میں نمایاں کمی

احمد نعیم ملک (ڈائریکٹر انفارمیشن سرگودھا ڈویژن)

عمومی مشاہدہ ہے کہ جب ایک دفعہ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اوپر چلی جاتی ہیں تو شاذ ہی واپس آتی ہیں۔ دوسرا مشاہدہ یہ ہے کہ جب پٹرول یا ڈیزل کی قیمتیں بڑھائی جاتی ہیں توان کی آڑ لے کر تاجر حضرات ہر چیز کی قیمتیں اور ٹرانسپورٹ کے کرائے بے تحاشا بڑھا لیتے ہیں۔ اس کازیادہ تر بوجھ عام آدمی کو برداشت کرنا پڑتا ہے۔ لیکن حالیہ دنوں میں عوام نے نگران حکومت کا یہ حیرت انگیز کارنامہ دیکھا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں یکے بعد دیگرے 50روپے تک کی کمی ہو گئی۔اب ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ تاجر اور ٹرانسپورٹرز اسی تناسب سے اشیائے ضروریہ کی قیمتیں اور کرائے نیچے لے آتے لیکن یہ اس وقت تک ٹس سے مس نہیں ہوئے جب تک نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے سخت احکامات جاری نہیں کیے۔ وزیر اعلیٰ نے نہ صرف خود تاجروں سے اجلاس کیے بلکہ پنجاب بھر کی انتظامیہ کو بھی حکم دیا کہ وہ بھی اپنے اپنے اضلاع میں ان احکامات پر عملدرآمد یقینی بنا کر مہنگائی تلے دبے عوام کو ریلیف فراہم کریں۔ اسی طرح کے اجلاس چیف سیکریٹری زاہد اختر زمان نے بھی کیے اور انتظامی مشینری کو ہدایت کی کہ ایندھن کی قیمتوں میں واضح کمی کے ثمرات نیچے تک عوام کو پہنچانے کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں۔ چنانچہ پہلے مرحلے میں فوری طور کرایوں میں کمی اور بنیادی اشیائے خوردو نوش میں کمی لائی گئی جس سے صوبہ بھر کے عوام نے قدرے سکھ کا سانس لیا۔
سرگودہا ڈویژن میں کمشنر محمد اجمل بھٹی نے فوری طور پر چاروں اضلاع یعنی بھکر، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا کے ڈپٹی کمشنروں کو حکم دیا کہ وہ حکومتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کریں۔ کمشنر کی کڑی نگرانی اور سخت احکامات کے واضح نتائج نکلے۔ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا ریلیف عوام تک پہنچانے کیلئے پرائس کنٹرول کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کھانے پینے کی اشیاکی قیمتوں کاا ز سر نو تعین کر کے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جاری نوٹیفکیشن کے مطابق چاول سپر باسمتی (نیا) 240 روپے فی کلو‘ چاول باسمتی پرانا 260 روپے فی کلو‘ چنے کالے (موٹے)160 روپے فی کلو‘ چنے سفید (موٹے)310 روپے فی کلو‘ چنے سفید باریک 300 روپے‘ دال چنا موٹی 190 روپے‘ دال چنا باریک 170 روپے‘ بیسن 160 روپے‘ دال مسور موٹی 275 روپے‘ دال ماش دھلی ہوئی 470 روپے‘ دال مونگ دھلی ہوئی 220 روپے‘گوشت چھوٹا 1350 روپے‘ گوشت بڑا 650 روپے‘ دودھ کھلا 130 روپے فی لیٹر‘ دہی 140 روپے‘ روٹی سو گرام 12 روپے‘ نان 120گرام 15 روپے میں دستیاب ہو گی۔ ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ سبزی، پھل، انڈے اور برائلر گوشت مارکیٹ کمیٹی کے روزمرہ بنیاد کے جاری ریٹ کے مطابق فروخت کئے جائیں گے۔ یہ نرخ نامے فوری طورپر نافذ العمل ہوں گیے۔ اسی طرح چاروں اضلاع کے سیکرٹریز ڈسٹرکٹ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے دیگر شہروں اور انٹر سٹی چلنے والی مسافر گاڑیوں کے کرایوں میں کمی کر کے نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ جس کے مطابق پٹرول پر چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں 20فیصد جبکہ ڈیزل پر چلنے والی گاڑیوں کے کرایوں میں 10فیصد تک کمی کر دی گئی اور اس کا اطلاق فوری طور پرکر دیا گیا۔ تمام ٹرانسپورٹروں اور اڈا مالکان کو پابند بنایاگیا کہ وہ مقرر کردہ کرایوں کو نمایاں جگہوں پر آویزاں کریں۔ کرایوں کی چیکنگ کیلئے خصوصی ٹیمیں بھی تشکیل دی گئیں۔ اس روز سے لاری اڈوں اور سڑکوں پرسخت چیکنگ جاری ہے اور خلاف ورزی کی صورت میں مسافر گاڑیوں کو بند کر کے بھاری جرمانہ بھی عائدکیاجارہا ہے۔.
خوشاب میں مختلف اشیائے ضروریہ کی رسدو طلب کی مساوی تقسیم اور مقررہ نرخوں پر فراہمی اور دستیابی کیلئے ڈی سی کانفرنس روم میں ڈسڑکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلا س کی صدارت ڈپٹی کمشنر خوشاب ذیشان شبیر رانا نے کی۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) احمد صہیب کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران و تاجران کی تنظیموں کے عہدیداران موجو د تھے۔پرائس کنٹرو ل کی مشاورت سے صدر اجلاس نے بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا ازسر نو تعین کیا جسکے مطابق سپر باسمتی چاول (پرانا) فی کلو گرام 280روپے، چنا کالا(موٹا) 185روپے،چنا سفید (باریک)300روپے،دال چنا ء (موٹی)195روپے،دال چنا (باریک) 175روپے،بیسن 185روپے،وائٹ شوگر گورنمنٹ پالیسی کے مطابق،دال مسور (موٹی) 280روپے،دال ماش (دھلی ہوئی) 475روپے،دال مونگ (دھلی ہوئی) 225روپے،گوشت (چھو ٹا)1350روپے،گوشت (بڑا)650روپے،دودھ (کھلا) 130روپے،دہی 140روپے،روٹی 100گرام 12روپے،نان 120گرام 12روپے اور آٹا تھیلا 10کلو گرام گورنمنٹ پالیسی کے مطابق فروخت کیا جاسکے گا۔۔
بھکر میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر نور محمد اعوان نے عوام الناس کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں نمایاں کمی فراہم کرنے کیلئے ضلعی انجمن تاجران سے مستقل بنیادوں پر مشاورتی عمل جاری رکھا ہوا ہے۔ڈیزل و پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے سبب مختلف اشیائے خورودونوش کی قیمتوں کو بھی کم کیا جارہا ہے اس سلسلہ میں مختلف اقسام کی دالیں،چاول،چکن،چینی اور گھی کی قیمتوں میں کمی کی گئی ہے۔ جن کا باقاعدہ طور پر نوٹی فکیشن بھی جاری کیا جارہا ہے۔ یہ بات ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر اے ڈی سی جی عباس رضا ناصر،صدر انجمن تاجران رانا محمد اشرف خاں،جنرل سیکریٹری عاشق حسین کھوکھر سمیت دیگر ضلعی انجمن تاجران کی مرکزی قیادت بھی موجود تھی۔
میانوالی کے ڈپٹی کمشنر سجاد احمد خاں نے حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کرنے پر عوام الناس کو اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں ریلیف پہنچانے کے سلسلہ میں پرائس کنٹرول کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں کھانے پینے کی اشیاء کا ازسر نوتعین کر کے باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔نو ٹیفکیشن کے مطابق بیس کلو آٹے کا تھیلا گورنمنٹ پا لیسی کے مطابق، چاول سپر با سمتی نیا290روپے فی کلو، چاول سپر با سمتی پرانا 315 روپے فی کلو، دال چنا) موٹی(195روپے فی کلو، دال چنا (باریک) 185 روپے فی کلو،دال مسور موٹی 280روپے فی کلو، دال ماش دھلی ہو ئی (باریک)485روپے فی کلو، دال مونگ (دھلی ہو ئی) 238روپے فی کلو، کالے چنے (موٹے)198روپے فی، سفید چنے (باریک)285روپے فی کلو گرام اور بیسن190روپے مقرر کی گئی ہے۔
کمشنرسرگودھا ڈویژن محمد اجمل بھٹی نے چاروں اضلاع پر دباؤ جاری رکھتے ہوئے 19اکتوبر کو بھی ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ اجلاس کیا اور اب تک ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔انہوں نے ایک دفعہ پھر زور دیا اور کہاکہ پٹرولیم مصنوعات اور ڈالر کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام کو منتقل کرنے کے لیے ڈپٹی کمشنرز اپنا فعال کردار ادا کریں۔ اشیائے خوردونوش اور ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کے نوٹیفکیشن پر عمل درآمد کروانا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا۔ ڈپٹی کمشنرز ماتحت افسران کو متحرک کریں ذخیرہ اندوزی اور گراں فروشوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے۔ مقرر کردہ قیمتوں کو دکانوں پر نمایاں جگہوں پر آویزاں کروایا جائے۔پرائس مجسٹریٹس زیادہ وقت فیلڈ میں گزاریں تاکہ عوام کو ریلیف کی فراہمی میں کوئی کسر نہ چھوڑی جا سکے۔ کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز تاجروں اور ٹرانسپورٹروں سے ملاقات کر کے عوام کو مزید ریلیف کی گنجائش نکالیں۔ سبزی وفروٹ منڈیوں کی مانیٹرنگ کو سخت اور نیلامی کے موقع پر افسران کی موجودگی لازم ہونی چاہیے۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سرگودہا میں چاول کی قیمت میں 60 روپے، مرغی کا گوشت 50 روپے جبکہ دالوں کی قیمتوں میں 15 سے30 روپے فی کلو کمی کی گئی ہے۔ روٹی دیگر اضلاع میں 15 جبکہ سرگودہا میں 12 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔ چاروں ڈپٹی کمشنروں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نگران وزیر اعلی کے وژن کے تحت عوام کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لائیں گے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ شعیب علی،ڈپٹی کمشنر خوشاب زیشان شبیر رانا،ڈپٹی کمشنر میانوالی سجاد احمد خان، ڈپٹی کمشنر بھکر ڈاکٹر نور محمد اعوان، ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک شاہ بہرام کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنروں، مارکیٹ کمیٹی اور انڈسٹری کے افسران بھی موجود تھے۔
جس طرح نگران وزیر اعلیٰ اور چیف سیکریٹری پنجاب اس سلسلے میں متحرک ہیں اس کے ثمرات نظر آنے شروع ہو گئے ہیں اور محض ایک دو دن کے اقدامات سے کافی اشیائے ضروریہ کے نرخ نیچے آنے لگے ہیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی کے عزم اور انتھک کاوشوں کو دیکھتے ہوئے یہ باور کیا جا سکتا ہے کہ آنے والے دنوں میں صوبہ کے عوام کو مزید خوشخبریاں ملیں گی اور مزید اشیاء سستی ہونگی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں