پاکستان سیلنگ فیڈریشن کے تعاون سے ماضی میں بھی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کا باقاعدہ انعقاد کرتا رہا ہے
اسلام آباد (نمائندہ مناقب) پی اے ایف یاٹ کلب، کراچی میں منعقد ہونے والی تیسری چیف آف دی ایئر اسٹاف انٹرنیشنل اوپن سیلنگ چیمپیئن شپ میں پاکستانی سیلرز نے برتری حاصل کرلی۔ چیمپئن شپ 17 تا 20 مارچ، 2022 تک کھیلی گئی جس میں بشمول پاکستان11 ممالک کے 97 سیلرز اور آفیشلز نے حصہ لیا۔ ان مقابلوں کا انعقاد پی اے ایف یاٹ کلب میں کیا گیا جس کا شمار یاٹنگ کے پُرجوش کھیل کو فروغ دینے والے ملک کے نامور اداروں میں ہوتا ہے۔ کلب پاکستان سیلنگ فیڈریشن کے تعاون سے ماضی میں بھی قومی اور بین الاقوامی مقابلوں کا باقاعدہ انعقاد کرتا رہا ہے۔
پاک فضائیہ کے ائیر وائس مارشل شمس الحق، مشیر انجینئرنگ،چیف آف ائیر سٹاف اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی اے ایف یاٹ کلب کے چیئرمین ایئر وائس مارشل زبیر حسن خان نے کہا کہ اس چیمپیئن شپ کا بے عیب انعقاد پی اے ایف کے قومی اور بین الاقوامی سطح پر صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینے کے عزم کا مظہر ہے۔
مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل شمس الحق نے کہا کہ تیسری سی اے ایس اوپن سیلنگ چیمپیئن شپ 2022 کی اختتامی تقریب میں شرکت کرنا میرے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے۔ مجھے اس شاندار ایونٹ کی میزبانی کے لیے پی اے ایف یاٹ کلب کی جانب سے کیے گئے شاندار انتظامات دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔چیمپئن شپ میں 10 غیر ملکی ٹیموں کی شرکت انتظامیہ کی مستعدی، جاندار ٹیم ورک اور مسلسل کاوشوں کے باعث ممکن ہوئ۔ میں باضابطہ طور پر تمام شرکاء، ٹیموں اور جیوری کے ارکان کو اس چیمپیئن شپ کو کامیاب بنانے پر مبارکباد پیش کرتا ہوں اور جغرافیائی و ثقافتی خلیج کو پر کرنے کے لیے پاکستان کے ساتھ ہمارے بین الاقوامی مہمانوں کے بہتر روابط کی امید کرتا ہوں۔ مجھے امید ہے کہ آپ نے پاکستان کی ثقافت، ورثے اور مہمان نوازی کا لطف اٹھایا ہوگا۔
بعد ازاں مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں میڈلز تقسیم کئے۔ لیزر اسٹینڈرڈ کیٹیگری میں، تمام تمغے پاکستانی سیلزز نے حاصل کیے جن میں مزمل حسین، نجیب اللہ اور اللہ دتہ شامل تھے۔ آر ایس ایکس کیٹیگری میں سونے، چاندی اور کانسی کے تمغے پاکستان کے قاسم عباس، سجاد محمد اور محمد عرفان نے اپنے نام کیے۔ لیزر 4.7 کیٹیگری میں سونے کا تمغہ تھائی لینڈ کے کان کیچون نے جیتا، جبکہ چاندی کا تمغہ پاکستانی زین بنیامین نے اور کانسی کا تمغہ سری لنکا کی دھنیکا ساکیا نے حاصل کیا۔ آپٹیمسٹ کیٹیگری میں سونے اور چاندی کے تمغے تھائی لینڈ کے پتچرافان اونگکولوے اور پیتی پوم جاروینپوم نے جیتے جبکہ کانسی کا تمغہ پاکستان کی مریم سجاد عباسی نے اپنے نام کیا۔ پہلی بار قومی جیٹ اسکی چیمپئن شپ بھی 2 کیٹیگریز (1200cc سے نیچے اور 1200cc سے اوپر) میں کھیلی گئی جس میں واصف علی نے 1200cc سے نیچے کی کیٹیگری میں ٹائٹل جیتا جبکہ سید عبدالکریم نے 1200cc سے اوپر کی کیٹیگری میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔