Noh Dastgir Butt Weight 673

نوح دستگیر بٹ ویٹ لفٹر

پاکستان کے 24 سالہ ویٹ لفٹر محمد نوح دستگیر بٹ نے حال ہی میں برطانیہ کے شہر برمنگھم میں جاری دولتِ مشترکہ کھیلوں میں ملک کے لیے پہلا طلائی تمغہ حاصل کیا تو ان کا نام سرخیوں کی زینت بنا۔

نوح نے 109 کلوگرام سے زیادہ وزن کے ویٹ لفٹرز کے مقابلے میں مجموعی طور پر 405 کلوگرام وزن اٹھا کر نہ صرف گولڈ میڈل حاصل کیا بلکہ کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ بھی قائم کیا۔

یہ کامن ویلتھ گیمز کی تاریخ میں دوسرا موقع تھا کہ کسی پاکستانی ویٹ لفٹر نے طلائی تمغہ جیتا ہو۔ اس سے قبل 2006 میں شجاع الدین ملک نے میلبرن میں ہونے والے مقابلوں میں 85 کلوگرام وزن کے مقابلے میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔

نوح کا تعلق پہلوانی، کبڈی اور ویٹ لفٹنگ کے لیے مشہور شہر گوجرانوالہ سے ہے اور انھیں ویٹ لفٹنگ کا شوق ورثے میں ملا ہے۔

24 سالہ نوح دستگیر بٹ کے والد غلام دستگیر بٹ پانچ مرتبہ کے ساؤتھ ایشین گیمز گولڈ میڈلسٹ اور ریکارڈ ہولڈر ہیں جنھوں نے اٹھارہ مرتبہ قومی چیمپئن بننے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔ اب ان کی پوری توجہ اپنے بیٹوں پر مرکوز ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں