164

وزیر اعظم شہباز شریف کا یو اے ای کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر تعزیت اور ہمدردی کا اظہار

اسلام آباد۔(طیب خان سے):وزیر اعظم شہباز شریف نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ خلیفہ بن زید النہیان کے انتقال پر حکومت اور پاکستان کے عوام کی جانب سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے دور میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات نے نئی بلندیوں کو چھوا،پاکستان کے عوام اور حکومت ان کے اس کردار کو فراموش نہیں کرسکتے۔جمعہ کو وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ شیخ خلیفہ کا انتقال ایک بڑا نقصان ہے،دنیا ایک بلند پایہ رہنماء سے محروم ہوگئی ہے جبکہ متحدہ عرب امارات ایک صاحب بصیرت اور عظیم ویژنری قیادت جبکہ پاکستان ایک سچے دوست اور بااعتماد شراکت دار سے محروم ہوگیاہے۔ایک انسان ہونے کے ناطے وہ اپنے عوام کے ہمیشہ قریب تر رہے اور ان کی فلاح اور خوشحالی کے لئے ہمیشہ چوکس اور پرعزم رہے۔ان کی اصلاحات،ترقی اور جدیدیت کے نظریے نے متحدہ عرب امارات کو دنیا میں ایک مقام دیا۔امارات کے عوام سابق صدر کی اس میراث کو آگے بڑھائے گی۔انہوں نے کہا کہ شیخ خلیفہ کی بصیرت انگیز قیادت میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچے،دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبہ میں تعلقات کو وسعت دینے اور مزید مستحکم بنانے کے لئے ان کا بڑا کردار تھا۔ان کے ان ناقابل فراموش کردار کو پاکستان کی حکومت اور عوام کبھی فراموش نہیں کرے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں ہماری دعائیں اور ہمدردیاں النہیان فیملی کے ساتھ ہیں،اللہ پاک مرحوم کے خاندان کو یہ ناقابل تلافی نقصان برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے ۔انہوں نے کہا کہ ہم اللہ سے دعاگو ہیں کہ وہ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور متحدہ عرب امارات اور اس کے عوام کو ہمیشہ محفوظ اور خوشحال رکھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں