سرگودہا( نمائندہ مناقب)ڈویژن بھر میں امسال گندم کی خریداری کا ہدف 2 لاکھ 70ہزار میٹرک ٹن مقرر کیاگیا جس کیلئے 36 خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ سرگودہا میں 80ہزار ‘ خوشاب میں 20ہزار ‘ میانوالی میں 60ہزار اور ضلع بھکر میں ایک لاکھ 10ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقررکیاگیا ہے۔ ضلع سرگودہا میں 13‘ خوشاب میں 3‘میانوالی میں 6او ربھکر میں 14 خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ اس امر کا انکشاف ایڈیشنل کمشنر کوآرڈی نیشن صائمہ یونس کی زیر صدارت منعقد ہ گندم خریداری مہم 2022-23 کے جائزہ اجلاس میں کیاگیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر خوشاب کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان ‘ڈپٹی کمشنر میانوالی خرم شہزاد ‘ اے ڈی سی آر سرگودہا امیرحسن ‘ اے ڈی سی آر بھکر محمد نصراللہ خان ‘ ڈائریکٹر زراعت فیض احمد کندی ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر خوراک ڈاکٹر ضیاءالحق اور ڈی ایف سی خالد محمود بھی شریک تھے۔ اجلاس کو بتایاگیا کہ ا مسال چاروں اضلاع میں 17 لاکھ 66 ہزار ایکڑ رقبہ پر گندم کاشت کی گئی ہے اور 27من فی ایکڑ پیداوار متوقع ہے۔ مزید بتایا گیا کہ پنجاب کابینہ نے امسال 22سو فی من گندم کاریٹ مقرر کرنے کی منظوری دے دی ہے جس کا جلد نوٹیفکیشن جاری ہو جائیگا۔ چاروں اضلاع میں امسال 2لاکھ 57ہزار950 میٹرک ٹن پی پی بیگز جبکہ 50 ہزار 250 میٹرک ٹن جیوٹ بیگ درکار ہوںگے او را س وقت محکمہ خوراک کے پاس 15فیصد باردانہ موجود ہے۔ گندم کی غیر قانونی نقل وحمل کو روکنے کیلئے چاروں اضلاع میں 7 بین لاضلاعی چیک پوسٹیں بنائی گئیں ہیں۔اس طرح میانوالی میں بین الصوبائی چیک پوسٹیں بھی بنا کر عملہ کی ڈیوٹیاں لگائی جارہی ہیں۔ ایڈیشنل کمشنر صائمہ یونس نے چاروں ڈپٹی کمشنرز کو سینٹرز کوارڈینیٹر ‘ پرچیز کمیٹیوں کے ممبران کی تعیناتی ‘ گرداوری کی فہرستوں کی تیاری او رخریداری مراکز پر ڈیٹا انٹری آپریٹرکی تعیناتی کیلئے 25مارچ تک کی ڈیڈ لائن دی۔ انہوں نے سرکاری سنٹرز پر گندم کی فروخت کیلئے کاشتکاروں کے اجلاس کرنے کے علاوہ فیلڈ سٹاف او رکوارڈی نیٹرز کی ٹریننگ کیلئے جلد اقدامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے حکومت کی گندم خریداری مہم کی پرنٹ ‘ الیکٹرانک ‘ سوشل میڈیا او رکیبلز پر بھی بھر پور تشہیر کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
287