Barrick Gold RekoDiq Tethyan 837

ریکوڈک نیا معاہدہ پاکستان اور بلوچستان کے لیے ’بیل آؤٹ‘

صوبہ بلوچستان میں تانبے اور سونے کے سب سے بڑے منصوبے ریکوڈک پر نئے معاہدے کے بعد وفاقی وزارتِ خزانہ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بیرک گولڈ کے عہدیداروں نے چاغی میں اس مقام کا دورہ کیا ہے اور توقع ہے کہ وہاں جلد کام شروع ہوجائے گا۔
بیرک گولڈ کے حکام نے یہ دورہ اسلام آباد میں منصوبے کے حوالے سے معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد کیا۔

پاکستان میں وفاق اور بلوچستان دونوں حکومتوں نے اس معاہدے کو اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اس سے پاکستان کی بڑی مدد ہوگی جبکہ بلوچستان کی کابینہ کو بتایا گیا ہے کہ اس سے صوبے کو کسی سرمایہ کاری کے بغیر 25 فیصد حصہ ملے گا۔

خیال رہے کہ اتوار کو پاکستان کے وزیِر خزانہ شوکت ترین کی جانب سے ایک پریس کانفرنس میں کہا گیا کہ کینیڈین کمپنی بیرک گولڈ کارپوریشن نے 11 ارب ڈالر کے جرمانے کی تلافی کے ساتھ ساتھ 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔ تنازع کے باعث ایران اور افغانستان سے متصل سرحدی ضلع چاغی میں اس منصوبے پر گذشتہ کئی سال سے کام بند تھا۔

ریکوڈک کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ ‘اپنی استعداد کے اعتبار سے ریکوڈک دنیا میں سونے اور تانبے کی سے بڑی کان ہوگی۔ اس سے ہمیں قدموں میں بیڑیوں کی مانند چمٹے قرض سے نجات ملے گی اور ہم ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور میں داخل ہوں گے۔‘

عمران خان کے مطابق اس نئے منصوبے سے قریب 11 ارب ڈالرز کے جرمانے کی تلافی، بلوچستان میں 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری اور روزگار کے آٹھ ہزار نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں