نوشہرہ سون سکیسر(ملک زاہد فاروق اعوان سے) کمشنر محمد اجمل بھٹی نے تھل پبلک سکول چک نمبر 22 ایم بی تحصیل قائد آباد ضلع خوشاب کی انتظامیہ سابق ڈی ایم جی بیووکریٹ، سابق سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن کمیشن و سابق کمشنر گوجرانولہ عبد الجبار شاہین کی جانب سے علاقہ کے سو سے ذائد مستحق خاندانوں میں مفت سولر پینل اور پنکھے تقسیم کرنے کی تقریب میں شرکت کی اور ان میں سولر پینل اور پنکھے تقسیم کیے.تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خوشاب مطاہر وٹو اور اسسٹنٹ کمشنر قائد آباد اویس چشتی سمیت علاقہ معززین نے شرکت کی۔کمشنرمحمد اجمل بھٹی نے ریگستان کے باسیوں کو مفت سولر پینل فراہم کر نے پر تھل پبلک سکول کی انتظامیہ عبد الجبار شاہین اور ان کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں سولر پینل کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مخیر حضرات کو اس ضمن میں آگے آنا چاہے اور متوسط طبقہ کی مدد کرنی چاہیے جہاں انہیں ایک طرف بجلی کے بلوں کو ادا کرنے میں ریلیف ملے گا وہاں بجلی سے محروم پسماندہ علاقوں کے مکین اس سہولت سے مستفید ہوسکیں گے۔ کمشنر نے سکول کے مخلتف شعبہ جات کا بھی تفصیلی دورہ کیا۔ انہیں بتایا گیا کہ تھل پبلک سکول خالصتا مخیر حضرات کے تعاون سے چل رہا ہے جہاں طلبہ کو جدید تعلیم فراہم کی جارہی ہے۔ سکول میں لائبریری، سائنس و کمپوٹر لیب سہولت بھی موجود ہے، کوالیفائیڈ اساتذہ کرام کی راہنمائی میں سکول کے طلبہ متعدد بار بورڈ میں مختلف پوزیشنز بھی حاصل کر چکے ہیں۔ سکول انتظامیہ اپنے وسائل سے درس و تدریس کے تمام امور انجام دے رہی ہے۔ انہیں مزید بتایا گیا کہ سکول انتظامیہ مخیر حضرات کے تعاون سے علاقہ مکینوں کا معیار زندگی بہتر بنانے میں بھی مصروف عمل ہے۔ کمشنر محمد اجمل بھٹی نے سکول انتظامیہ کو اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔
241