248

شائستہ ندیم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب کی زیر قیادت خوشاب پولیس کی سیکورٹی کے حوالے سے تیاریاں مکمل

نوشہرہ سون سکیسر(ملک زاہد فاروق اعوان سے)محرم الحرام کے دوران ضلع بھر میں امن و امان کی صورتحال کویقینی بنانے کیلئے شائستہ ندیم ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر خوشاب کی زیر قیادت خوشاب پولیس کی سیکورٹی کے حوالے سے تیاریاں مکمل کر لی گئیں ہیں ضلع بھرمیں کل 195جلوس برآمد ہوں گے، جن میں سے 07 کیٹگری A جلوس، 08کیٹیگری B،اور 180کیٹیگری C میں شامل کئے گئے ہیں۔اسی طرح ضلع بھر میں 871مجالس منعقد ہوں گی،جن میں کیٹگری A کی مجالس 03، کیٹگری B کی مجالس 02 اور کیٹگری C کی مجالس 866 شامل ہیں اور 1230 پولیس افسران و جوان محرام الحرام کے دوران 02 ہزار سے زائد مقامات پر سیکورٹی ڈیوٹی کے فرائض سر انجام دیں گے۔ جن میں ایلیٹ پولیس فورس کی ٹیمیں بھی شامل ہیں۔سفید پارچات میں بھی پولیس اہلکار شرپسندوں پر کڑی نظر رکھیں گے، اس کے علاوہ مجالس و جلوس ہائے کی انتظامیہ کے والنٹیئرزبھی پولیس افسران کے شانہ بشانہ سیکورٹی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔ محرم الحرام کے دوران رینجرز کے دستے بھی پولیس کی معاونت کریں گے۔ جبکہ ٹریفک کی فراوانی کو قائم رکھنے کے لیے ٹریفک پولیس کا الگ سے ڈیوٹی پلان مرتب کیا گیا ہے۔ جلوس روٹس کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو قنات اور بیریئر لگا کر بند کیا جائے گا۔ جلوس و مجالس میں شامل ہونے والے تمام شرکاء کو بذریعہ میٹل ڈیٹکٹر چیک کیا جائے گا اور جامع تلاشی بھی لی جائے گی۔ امن و امان کو قائم رکھنے کے لیے امن کمیٹی کے ممبران دوران جلوس پولیس کے ہمراہ ہونگے اور کسی بھی مسئلہ کی صورت میں فورا اپنا کردار ادا کریں گے۔ سوشل میڈیا کی مانیٹرنگ بھی عمل میں لائی جائے گی اور کسی قسم کے نفرت انگیز مواد کی تشہیر پر سخت قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے تمام اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں